FIA Cyber Crime Complaint Draft in Urdu to Report Facebook Account Hacking in Pakistan

بخدمت: ڈائریکٹر صاحب، ایف آئی اے سائبر کرائم وِنگ، راولپنڈی ریجن

موضوع: نامعلوم ملزم/ملزمان (ہیکر/ہیکرز) کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کی درخواست

محترم جناب!

سائل مؤدبانہ گزارش کرتا ہے کہ درج ذیل حقائق آپ کی خدمت میں پیش ہیں:

سائل نے تقریباً آٹھ سال قبل اپنے نام سے ایک فیس بک اکاؤنٹ بنایا تھا، جس کی آئی ڈی: [email protected] ہے۔

مؤرخہ 05-12-2019 کو دوپہر تقریباً 2:15 بجے سائل کو اس کے قریبی دوست ارسلان علی بھٹی (جو فیس بک پر بھی سائل کا دوست ہے) نے موبائل نمبر -xxxxxxxxxx سے سائل کے موبائل نمبر xxxxxxxxxxxx پر کال کی اور بتایا کہ آپ نے فیس بک میسنجر کے ذریعے مجھ سے 8500 روپے کا تقاضا کیا ہے۔ سائل نے وضاحت کی کہ میں نے کوئی رقم نہیں مانگی، تاہم دوست ہونے کے ناتے معاملہ تشویش ناک تھا۔

صورتحال کی تصدیق کے لیے سائل نے فوراً اپنے مذکورہ فیس بک اکاؤنٹ میں لاگ ان ہونے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا کیونکہ نامعلوم ہیکرز نے سائل کا پاس ورڈ تبدیل کر دیا تھا۔

اگلے روز یعنی 06-12-2019 کو سائل کے ایک اور دوست زعفران خان (جو فیس بک پر بھی دوست ہے) نے اطلاع دی کہ سائل نے اس سے بھی فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے 6000 روپے کا مطالبہ کیا تھا اور رقم xxxxxxxxxx موبی کیش اکاؤنٹ پر منتقل کروانے کا کہا، جو انہوں نے منتقل کر دی۔

ان واقعات سے واضح ہے کہ نامعلوم ہیکر/ہیکرز نے سائل کے فیس بک اکاؤنٹ کو غیر قانونی طور پر ہیک کر کے نہ صرف سائل کو ذہنی اذیت دی بلکہ اس کے دوستوں سے رقم بھی ہتھیائی۔ ممکن ہے کہ مزید افراد بھی اس فراڈ کا شکار ہوئے ہوں۔

لہٰذا، سائل مؤدبانہ استدعا کرتا ہے کہ نامعلوم ہیکر/ہیکرز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ انصاف کا تقاضا پورا ہو سکے۔

بصد احترام،
فرحان یٰسین ولد محمد یٰسین
ساکن: مکان نمبر 10، گلی نمبر 5، چکلالہ سکیم III، راولپنڈی
رابطہ نمبر: xxxxxx
مورخہ: 07-12-2019